12 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

آج سے 12 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اگست سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک میں داخل ہوں گی، 12 اگست تک کشمیر، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 9 سے 12 اگست کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں کی وجہ سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، مشرقی پنجاب میں طیغانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات 9 سے 12 اگست کے درمیان ہونے والی بارشوں سے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ظاہر کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 اور 11 اگست کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، لاہور، گجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کے بارے میں صوبے بھر کی متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔

عرفان کاٹھیا نے مزید کہا ہے کہ کمشنرز، ڈی سیز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔