پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز کیلئے 27سر ویلنس کواڈکاپٹرز خریدے جائیں گے

پنجاب کی کابینہ نے کاؤنٹرٹیررازم آپریشنز کے لیے 27 کواڈ کاپٹرز خریدنے کی منظوری دے دی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبائی کابینہ نے جدید کواڈکاپٹرز کی خریداری سے متعلق محکمہ داخلہ کی سمری پر جدید کواڈکاپٹرز کی خریداری کیلئے 21 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دے دی۔

اٹک، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، راجنپور اور رحیم یار خان کیلئے 20 سرویلنس کواڈکاپٹرز لینے کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ میانوالی، ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان کیلئے پے لوڈ لے جانے والے 7 کواڈکاپٹرز بھی لیے جائیں گے۔ پے لوڈ لیجانے والے کواڈکاپٹرز ایک وقت میں 80 ایم ایم کے 2 مارٹر گولے ٹارگٹ پر داغ سکتے ہیں۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور وسائل مہیا کر رہے ہیں۔ کچے کے علاقوں اور بارڈر ایریا میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی۔