پشاور ہائیکورٹ کی 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کیلیے ججز کی نامزدگی سے معذرت

پشاور: ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے لیے ججز کی نامزدگی سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے فیصلے سے متعلق خیبر پختونخوا حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں 9 مئی کے واقعات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔

رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ نے اس ضمن میں صوبائی حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے جو درخواست ارسال کی تھی موجودہ حالات میں اس پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل ممکن نہیں۔

ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جس فورم سے یہ درخواست ارسال کی گئی ہے وہ اس کا مجاز نہیں۔ صوبائی حکومت کے رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہے اس لیے اس صورت میں اس درخواست پر عمل نہیں کیا جا سکتا۔