پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری آگئی، وزارت داخلہ کی جانب سے نئے جدید ریجنل پاسپورٹ آفس میں آپریشنز کا آغاز کردیا گیا، نئی بلڈنگ آئی اینڈ ٹی سینٹر پلاٹ نمبر 18 سیکٹر جی 10 فور میں شروع کی گئی ہے۔

ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال نے کہا کہ اسلام آباد کے رہائشی پاسپورٹ بنوانے کیلئے نئی بلڈنگ کا رخ کریں، نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اس بلڈنگ میں خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے الگ خصوصی کاونٹرز بنائے گئے ہیں۔

 ڈی جی پاسپورٹ نے مزید بتایا کہ نئی بلڈنگ میں ڈیجیٹل نظام کے تحت پاسپورٹ پراسس کیا جائے گا، نئے پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو قطار میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اضافی اسٹاف کی تعیناتی سے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔

پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے۔ وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔

عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ پاسپورٹ کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے۔ پاسپورٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔