ملک بھر میں کی گئی کاروائیوں میں ایک سال کے دوران 1047 میٹرک ٹن منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان کو نشے کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے حکومت اور عسکری اداروں کی جانب سے انسداد منشیات آپریشنز اور گھناؤنے کام میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ایک سال میں (ستمبر 2023ء سے اب تک) مختلف آپریشنز کے دوران متعلقہ اداروں نے 1047 میٹرک ٹن منشیات ضبط کرکے 1725 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
ستمبر 2023ء سے اب تک ملک بھر سے 3.55 میٹرک ٹن ہیروئن جب کہ 46.53 میٹرک ٹن ہشیش برآمد کی جاچکی ہے ۔ اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے 3.71 میٹرک ٹن میتھ، 8.95 میٹرک ٹن افیون اور 984.73 میٹرک ٹن دیگر منشیات ضبط کیں۔
سکیورٹی فورسز نے اگست میں خیبر پختونخوا سے 162 کلو،شمالی علاقہ جات سے 54.52 کلو، پنجاب سے 93.39 کلو جب کہ سندھ سے 2.9 کلو منشیات ضبط کیں۔
ملک کو منشیات سے مکمل پاک کرنے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی کاروائیاں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔