لاہور: پی ٹی آئی رہنما اور نجی اسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ (او سی یو) پولیس نے ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل میں ملوث مرکزی ملزمان ( شوٹرز) کو گرفتار کر لیا ۔ کرایے کے قاتلوں شہریار اور اس کے ساتھی سجاد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول شاہد صدیق کے بیٹے قیوم نے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے میں شوٹرز کے ساتھ اپنے والد کے قتل کی ڈیل کی تھی ۔ او سی یو ٹیم نے قیوم شاہد کی نشاندہی پر پہلے 4 افراد کو حراست میں لیا، پھر شوٹرز کو بھی گرفتار کر لیا ۔
ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔ جس کے بعد واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی پہلے ہی برآمد ہو چکی ہے ۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزمان شہریار، اس کے والد سجاد اور چچا شاہد نے مل کر ڈاکٹر شاہد کو قتل کیا۔