آئی ٹی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ

  اسلام آباد:  وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافے کے ساتھ 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں ۔ 

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافہ ہوا ہے،  گذشتہ مالی سال کے  جولائی میں آئی ٹی برآمدات 214 ملین ڈالرز رہی تھیں۔

وزیر مملکت آئی ٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات کے اضافے کے لیے کوشاں ہے، وزیرعظم شہباز شریف کی توجہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر مرکوز ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔