مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے، خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے، جو صوبہ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ایک ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار نہیں، وفاق خیبرپختونخوا کے بجلی کے اربوں کے بقایاجات ادا کرے، مینڈیٹ چور خیبر پختونخوا کے بقایا جات پر سانپ بن کر بیٹھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کیلئے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے، بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حقدار اور مستحق خیبر پختونخوا کے عوام ہیں، فارم 47 سرکار نے پورے ملک کے بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دیا۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھے گی، مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔