دفاع کا حق حاصل ہے، ہم سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی توقع رکھنا غیر معقول درخواست ہے: ایران

ایرانی وزارت ٰخارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ قوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر ایران کو اپنی سلامتی اورعلاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے لہٰذا ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی توقع رکھنا غیر معقول درخواست ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصرکنعانی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ غزہ جنگ بندی کا ایران کے اسرائیل کو جواب دینے سے کوئی تعلق نہیں، ایران غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا مسلسل خیر مقدم کرتا آیا ہے، جنگ بندی بین الاقوامی مطالبہ ہے اور10 ماہ سے زائد عرصے سے جاری قتل عام بند ہونا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایران غزہ میں جنگ روکنے کا سب سے اہم اور مضبوط ترین بین الاقوامی حامی ہے، غزہ جنگ بندی کے لیے دیگر ممالک کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سرکاری مہمان اسماعیل ہنیہ کو ایرانی سرزمین پر دہشتگردانہ حملے کا نشانہ بنایا، اسماعیل ہنیہ غزہ جنگ بندی کے لیے سیاسی مذاکرات کے عمل کے رہنما تھے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر ایران کو اپنی سلامتی اورعلاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے،ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی توقع رکھنا غیر معقول درخواست ہے۔