پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات مسترد، دنیا خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرے: پاکستان

پاکستان نے پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت اور دفاع کیلئے مکمل تیار ہے، بھارت نے یکطرفہ طور پر ورلڈ بینک کے توسط سے طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو ختم کیا، پانی زندگی ہے، جنگوں میں استعمال ہونے والا ہتھیار نہیں، ماضی میں لڑی جانے والی جنگوں کے دوران بھی دریاؤں کا پانی نہیں روکا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا انحصار ان دریاؤں پر ہے، اگر پانی روکا گیا تو نتائج کا ذمہ دار بھارت ہو گا، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہو گا، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے یہ بھی کہا ہے کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات پر شدید تحفظات ہیں، دنیا خطے میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان کی درخواست پر اجلاس بلانے پر سلامتی کونسل کے مشکور ہیں۔