مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت جاری ہے، مغربی کنارے کے شہروں پر اسرائیلی فوج نے بڑا حملہ کیا ہے۔
مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے آپریشن میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہلالِ احمر کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں اور حملوں میں جنین شہر میں 2، قریبی گاؤں میں 4 اور شہر طوباس کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ میں مزید 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمالی حصے میں فلسطینیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کے کئی دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کاروائی زیادہ تر طولکرم کے علاقے پر مرکوز ہے، لیکن فوجی دستے جنین اور طوباس کے قریب فرعہ کیمپ میں بھی موجود ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وسطی غزہ میں دیر البلاح اور جنوب میں خان یونس پر حالیہ حملوں میں کم از کم 20 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کا ایک اور دور قطر میں جاری ہے، جس کے لیے اسرائیلی وفد آج قطری دارالحکومت دوحہ پہنچے گا۔
اس سے پہلے قاہرہ میں ہونے والا مذاکرات کا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔