جاپان میں طاقتور ترین سمندری طوفان ’شان شان‘ کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی حالت کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اور 50 ہزار سے زائد افراد کے انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان کے زیراثر جنوبی مغربی ساحلی علاقوں بالخصوص کیوشو میں شدید بارشیں جاری ہیں اور آئندہ دو روز کے دوران 1100 ملی میٹر(43 انچ) بارش کی توقع ہے جو سالانہ اوسط کی نصف بنتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ جزیرہ کیوشو سے ٹکرانے کے بعد طوفان مشرقی اور وسطی علاقوں کی طرف جاسکتا ہے۔
انتہائی شدت کے حامل طوفان کے جمعرات تک ساحلی عالقوں تک پہنچنے کا امکان ہے اور طوفان کے پیش نظر 252 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
طوفان شان شان کے سبب ہونے والی بارشوں کے پیش نظر پروازیں اور ٹرینیں فی الوقت منسوخ کردی گئی ہیں اور گاڑیاں بنانے والی مشہور جاپانی کمپنی ٹویوٹا نے تمام 14 فیکٹریوں میں اپنی پیداوار کو منسوخ کردیا ہے۔
اہم حکومتی ترجمان ہیاشی نے کہا کہ توقع ہے کہ طوفان کی وجہ سے انتہائی شدت کی حامل ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ اتنی اونچی لہریں بلند ہوں جس کا آج تک لوگوں نے سامنا نہیں کیا ہو گا۔
کیوشو کے کاگوشیما علاقے کے کچھ حصوں میں پرتشدد طوفانوں اور اونچی لہروں اور تیز لہروں کے لیے اپنی خصوصی وارننگ جاری کرتے ہوئے 56ہزار لوگوں کو انخلا کا مشورہ دیا ہے۔
عوامی نشریاتی ادارے این ایچ کے ٹی وی پر نشر ویڈیو میں گھروں کی چھتوں پر نصب ٹائلز اڑتے، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹتے اور درختوں کو جڑ سے اکھڑتے دیکھا گیا۔
میازاکی کے ایک مقامی رہائشی نے این ایچ کے کو بتایا کہ ہمارے گھر کی چھت مکمل طور پر اڑا گئی، جب یہ ہوا تو میں گھر پر نہیں تھا لیکن میرے بچوں نے بتایا کہ جب یہ ہوا تو انہیں لگا کہ شاید زلزلہ آ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں حیران تھا اور یہ سب کچھ ہمارے تصور سے باہر ہے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے چیف فورکاسٹر ساتوشی سوگیموتو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ وارننگ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ طوفان کی وجہ سے کسی بڑی تباہی کا امکان بہت زیادہ ہے۔
جاپان ایئر لائنز نے بدھ اور جمعرات کو شیڈول 172 مقامی اور چھ بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں، جبکہ اے این اے نے بدھ، جمعرات اور جمعہ کو 219 مقامی اور چار بین الاقوامی پروازیں منسوخ کیں۔
پروازوں کی منسوخی سے تقریباً 25ہزار افراد متاثر ہوئے۔
کیوشو ریلوے نے کہا کہ وہ بدھ کی رات سے کماموٹو اور کاگوشیما چوو کے درمیان کچھ بلٹ ٹرین سروسز کو معطل کر دیں گے۔
دوسرے آپریٹرز نے کہا کہ کیوشو کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر ٹوکیو اور فوکوکا کے درمیان ٹرینیں بھی اس ہفتے موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے منسوخ کی جا سکتی ہیں۔