مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور مراد سعید میں رابطے کی خبر کی تر دید کر دی۔
گزشتہ روز 9 مئی سے روپوش پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی قیادت سےرابطوں کا انکشاف ہوا تھا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مراد سعید روپوشی کے باوجود کے پی حکومت اور پارٹی کے اہم فیصلے کرنے والوں میں شامل ہیں جن میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت متعدد دیگر رہنما سابق وفاقی وزیر سے رابطے میں ہیں۔
تاہم مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، مراد سعید صوبے کے انتظامی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کر رہے، شکیل خان کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے مراد سعید سےکوئی بات چیت نہیں کی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ شکیل خان سے متعلق فیصلہ گڈ گورننس کمیٹی رپورٹ کے تناظر میں کیا گیا، عاطف خان سے متعلق بھی وزیراعلیٰ کا مراد سعید سے کوئی رابطہ نہیں، مخالفین غلط خبریں پھیلا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشعال یوسفزئی سمیت تمام رہنما پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے منظم ہیں، علی امین گنڈاپور انتظامی اور سیاسی معاملات میں بانی پی ٹی آئی کی رہ نمائی حاصل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو 9 مئی کیسز میں اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے اور وہ تاحال روپوش ہیں۔