روس کے سرکاری نیوز نیٹ ورک رشیا ٹوڈے پر واشنگٹن کی پابندیوں کے جواب میں روس نے بھی امریکی میڈیا اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے روسی ادارے کے 2 ملازمین پر فرد جرم عائد کی اور بدھ کے روز اس کے ایڈیٹرز پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2024 کے آئندہ امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ریاستی نیوز ایجنسی کو بتایا ایک متوازی ردعمل ممکن نہیں ہے، امریکہ میں کوئی سرکاری خبر رساں ایجنسی نہیں ہے اور کوئی سرکاری ٹی وی چینل نہیں ہے۔ لیکن یہاں یقیناً ایسے اقدامات ہوں گے جو ان کے میڈیا کو ان کی معلومات پھیلانے سے روکیں گے۔
روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان پیسکوف نے اپنی یوکرین جارحیت کے دوران ماسکو کی بے مثال سنسرشپ کو بھی درست قرار دیا۔ جو معلومات پر روس کی سخت گرفت کا نادر اعتراف ہے۔