اے این ایف کی کارروائی، سری لنکا بھیجے جانے والے آلوؤں میں سے ہیروئن برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سری لنکا بھیجے جانے والے آلوؤں میں ہیروئن اسمگل کرنے کی واردات پکڑ لی۔

اے این ایف نے آلو کی برآمد کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ کی واردات پکڑ لی۔ اے این ایف کے ترجمان کے مطابق کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کارروائی کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سری لنکا بھیجے جانے والے آلوؤں کے کنٹینر سے 5 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ 80 تھیلوں میں سے ہر تھیلے میں 1 سے 2 ہیروئن بھرے آلو رکھے گئے تھے۔

اے این ایف نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے ذریعے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مذکورہ کنٹینر ایک نجی کمپنی کی طرف سے بُک کروایا گیا تھا، گرفتار ملزم کو اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔