امیگریشن حکام کے ہاتھوں 83 افراد جعلی دستاویزات کی بنیاد پر گرفتار

  کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادرہ (ایف آئی اے) امیگریشن نے کہا ہے رواں برس اب جعلی دستاویزات اور جعلی پاسپورٹس کے ذریعے سفر کرنے کی کوشش کرنے والے 83 فراد کو گرفتار کرلیا جبکہ 16 ہزار 700 پروازوں کے ذریعے 27 لاکھ 90 ہزار مسافروں کے امیگریشن کا عمل مکمل کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے امیگریشن کراچی کی رواں سال کے 8 ماہ کے دوران کراچی ائیرپورٹ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق اس دوران 16 ہزار 700 پروازوں کے ذریعے 2.79 ملین مسافروں کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران 83 ملزمان کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، 55 ملزمان کو جعلی ویزوں اور 28 ملزمان کو جعلی پاسپورٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، مختلف اداروں کو سنگین جرائم میں مطلوب متعدد ملزمان کو اسٹاپ لسٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ کراچی ائرپورٹ پر جدت اور بہتری کا سلسلہ جاری ہے، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے آمد اور روانگی کے کاؤنٹرز کو  انٹرپول کے ڈیٹا بیس تک براہ راست رسائی فراہم کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال آئی سی ایم پی ڈی کے تعاون سے جدید فرانزک اور آئی ٹی آلات سے لیس سیکنڈ لائن آفس کا اجرا کیا گیا، سکینڈ لائن آفس کی بدولت ویزہ اور پاسپورٹ کی جانچ پڑتال میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ امیگریشن افسران کو سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت کا انعقاد بھی کیا گیا، رئیل ٹائم میں مسافروں کی رائے جاننے اور تجربات شئیر کرنے کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ نیا ویزہ نظام بھی کامیابی سے نافذ کیا گیا ہے، مسافروں کی رہنمائی کے لیے امیگریشن فیسیلیٹیشن افسران کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر کراچی زون نے ایف آئی اے امیگریشن کراچی ائرپورٹ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مسافروں کو بہترین امیگریشن سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سیکنڈ لائن آفس انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔