ڈاکار: سینیگال میں تارکین وطن کی کشتی محض 4 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد سمندر میں الٹ گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ سینیگال کے دارالحکومت سے 80 کلومیٹر دور ایمبور شہر میں پیش آیا۔ کشتی میں 100 سے زائد مسافر موجود تھے۔
تارکین وطن اچھے مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی سفر کرکے اسپین کے جزیرے کینری جانا چاہتے تھے لیکن یہ کشتی محض 4 کلو میٹر کے سفر کے بعد ہی الٹ گئی۔
یہ چھوٹی کشتی جو مچھلیوں کے شکار کے لیے استعمال ہوتی تھی ممکنہ طور پر مسافروں کا بوجھ برداشت نہ کرپائی تھی۔
امدادی ٹیمیں پہنچیں تو سمندر کی سطح پر چاروں طرف لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔
امدادی کاموں کے دوران غوطہ خوروں نے 4 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا جب کہ 26 لاشیں ملی ہیں۔
بقیہ مسافروں کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم ان کے زندہ ملنے کی امیدیں معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ٹیم کے سربراہ کے بقول موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو آپریشن بار بار معطل کرنا پڑ رہا ہے۔