مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف علی امین کے خلاف بیان دینے سے پہلے پارلیمنٹ کی عزت کو بحال کریں۔
ورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جس پارلیمنٹ سے خواجہ آصف علی امین گنڈاپور کے خلاف بیان دے رہے ہیں پہلے اس کی عزت تو بحال کریں، فیڈریشن پر حملہ علی امین گنڈاپور نے نہیں کیا بلکہ حملہ 10 ستمبر کو ہوا تھا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیر دفاع بارڈر کی حفاظت کرتے تو علی امین گنڈاپور کو خود افغانستان سے بات چیت کی ضرورت نہ پڑتی، خواجہ آصف ہر وقت زہر اگل رہا ہے، خواجہ آصف خود بھی کچھ نہیں کرتے اور دوسروں کو بھی نہیں کرنے دیتے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراس بارڈر دہشت گردی وفاقی مسئلہ ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہے، جعلی حکومت کر نہیں سکتے تو بارڈر کا انتظام وانصرام خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کریں، جعلی حکومت نے ملک کو انتہائی نازک صورتحال میں دھکیلا ہے، گورنر اور وزیراعظم ٹیلی فون کال پر ڈرامہ بازیاں بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بگڑتی صورتحال کی ذمہ دار براہ راست جعلی وفاقی حکومت ہے، جعلی حکومت سے ملک نہیں سنبھل رہا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نہ 3 میں ہے اور نہ 13 میں، بس صرف بیان بازی کررہے ہیں، فیصل کریم کنڈی اپنے منصب کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہیں، اپنے کرتوتوں کی وجہ سے یہ گورنر عہدے کے لیے نااہل ہوچکے ہیں، گورنر اور خواجہ آصف اپنی ذاتی بغض کا اظہار سرکاری حیثیت میں کررہے ہیں، گورنر اور وزیراعظم عملی اقدامات پر توجہ دیں ڈرامہ بازیاں بند کریں۔