علی امین گنڈاپور نے آئینی ترامیم کی کھل کر مخالفت کر دی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے آئینی ترامیم کی کھل کر مخالفت کر دی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اسلام امن کا پیغام دیتا ہے اور ہم پُرامن لوگ ہیں، میری دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمارے دلوں سے نفرتیں نکالے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ یہ آئینی ترامیم جمہوریت پر حملہ ہے اور ہم اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے سوچا کیسے یہ جمہوریت کے ہوتے ہوئے ایسا بل لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پارلیمنٹ میں ان کو شکست دیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنے جائز حق کے لیے کھڑے رہیں گے، اس طرح کا بل پاس ہونا تو دور کی بات ہے، اسمبلی میں بھی نہیں پیش کر سکتے۔

دوسری جانب جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا تھا کہ مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر پی ٹی آئی سے بھی غیر رسمی بات ہوئی، وہ بھی یہ سمجھتے ہیں کہ ترامیم سے بہتری آئے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ جن ترامیم پر اتفاق ہے وہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منظور کرائی جاسکتی ہیں۔