پشاور کے سانحۂ اے پی ایس میں زندہ بچ جانے والے طالب علم احمد نواز کو برطانیہ کے کنگ چارلس کی طرف سے برٹش ایمپائر میڈل سے نوازا گیا۔
احمد نواز نے کہا ہے کہ یہ ایوارڈ گزشتہ 5 سال میں دنیا بھر میں نوجوانوں کے لیے مہم چلانے کے نتیجے میں ملا، میڈل اے پی ایس کے شہداء کے خاندانوں اور ہم وطنوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔
علاوہ ازیں احمد نواز کے والد محمد نواز نےکہا کہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو اپنے بچوں پر کریں، میں نے بچوں پر سرمایہ کاری کی جو احمد نواز کی شکل میں قوم کے لیے باعثِ عزت ہے۔
محمد نواز نے کہا کہ آپ کے بچے کل معاشرے میں تبدیلی لائیں گے۔
یاد رہے کہ 2014ء میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز کی عمر 14 برس تھی۔
ماضی میں احمد نواز نے برطانیہ کے شہزادہ ولیم سے کنگسٹن پیلس میں ملاقات بھی کی تھی جہاں انہیں ’گلوبل لیگیسی ایوارڈ 2019ء‘ سے نوازا گیا تھا۔
اسکول پر حملے کے وقت احمد نواز خود کے مردہ ہونے کا بہانہ کر کے جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے اپنی استاد کو آگ لگانے کے خوفناک واقعے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔
احمد نواز کے بازو پر متعدد چوٹیں آئی تھیں جس کے بعد ان کا خصوصی طور پر برمنگھم کے ملکہ الزبتھ اسپتال میں علاج ہوا تھا۔