پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو نشانے پر لے لیا اور انہیں ’ویلا منڈا‘کہہ دیا۔
'اختیار عوام کا' پورٹل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا گورنر پرچی پر آئے ہیں انہیں عزت راس نہیں آ رہی، گورنر ہاؤس خالی کرایا تو انیکسی یا کرائے کے مکان میں رہیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کے پی میں تجربات کیے جاتے ہیں اسی لیےگورنر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا گیا ہے، ایک ٹک ٹاکر پنجاب میں بیٹھی ہے اور ایک یہاں بیٹھا ہوا ہے۔
اس موقع پر قومی ترانے پر افغان قونصل جنرل کے کھڑے نہ ہونے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا افغان حکام نے مؤقف دے دیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانےکی عزت نہیں کرتے، افغان طالبان کی گانے بجانے کے حوالے سے سخت پالیسی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے قومی ترانے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔