اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے خنجراب پاس بارڈر کراسنگ کے ذریعے چین سے موبائل فون پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 44 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے 15 ہزار 465 موبائل فونز قبضے میں لے کر ضبط کرلئے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ کلکٹریٹ کسٹمز سست ڈرائی پورٹ کی جانب سے موصول ہونیوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے موبائل فون اور دیگر سامان قبضے میں لے کر اسمگلنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی مزید چھان بین بھی کی جارہی ہے۔
پکڑے جانیوالے موبائل فونز میں میں زیادہ تر اینڈرائیڈ موبائل شامل ہیں ۔ سوست ڈرائی پورٹ پر کسٹمز حکام کو اطلاع ملی تھی کہ اسمگل شدہ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے لدا ٹرک نمبر جی ایل ٹی اوی-1257 چین کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔
کسٹمز حکام کو مخبر کی جانب سے اطلاع ملی کہ خنجراب پاس کی سرحد اور قراقرم ہائی وے پر خنجراب پاس کے دیہی علاقے کے قریب ٹرک کھڑا ہے، ممکنہ طور پر ٹرک سے رات کو سامان اتارا جائے گاجس پر سوست ڈرائی پورٹ کسٹمز کی ایک ٹیم بارکون میں کھڑے ٹرک کا معائنہ کیلئے پہنچی تو ٹرک ڈرائیور موقع سے غائب تھا۔
اہل علاقہ سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ایک نامعلوم شخص نے ٹرک کھڑا کیا تھا کہ گاڑی میں کوئی مکینیکل خرابی پیدا ہو گئی ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرک سے برآمد ہونے والے سامان کی چیکنگ پر کل 15 ہزار 465 موبائل فون جن میں 8 ہزار 365 اسمارٹ فونز (آئی فون، اوپو، ویوو، ون پلس وغیرہ) اور 7 ہزار ایک سو بار/فیچر فونز، اور دیگر سامان برآمد ہوا، ان اشیا کی کل مارکیٹ قیمت کا تخمینہ 44 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔