وزیر اعلیٰ کے پی کا ضلع مہمند میں پولیو کیس کی انکوائری کا حکم

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سال 2024 کے دوران خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی نو ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا،  پولیو سے متاثرہ بچی کا علاج اور کفالت کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت نے لے لی۔

علی امین گنڈا پور نے سیکرٹری صحت کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کوآرڈینیٹر کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہدایات جاری کیں کہ ضلع مہمند میں ناقص پولیو مہم کے دیگر تمام ذمہ داروں کا بھی تعین کیا جائے اور متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ شراکت دار اداروں کے متعلقہ عملے کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 انہوں نے دیگر تمام اضلاع میں بھی پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے اور اس کے معیار پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 وزیر اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ متعلقہ حکام اپنی اصلاح کریں یا سزا کے لیے تیار ہوجائیں۔