پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو چاہیے اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام قبائلی امن جرگہ ہوا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے شرکت کی۔ جرگے میں حافظ نعیم الرحمان کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ افغان طالبان کو چاہیے اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں اور بدامنی کی فضا کو روکیں۔
حافظ نعیم نے زور دیا کہ فوجی آپریشنز مسئلے کا حل نہیں، پاکستانی حکومت افغانستان کیساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرے اور مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے، افغان طالبان اور حکومت پاکستان کے پاس بات چیت کے سوا کوئی حل نہیں، اگر حکومت راضی نہیں تو ہم مذاکرات کے لئے اپنی خدمات سرانجام دینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی ذمہ داری ہے فوج میں کرپشن کرنے والوں کا نوٹس لیں، جنرل فیض حمید اور ایف سی کے صوبیداروں کی جانب سے کی جانے والی کرپشن کو بھی دیکھنا چاہیے، توقع ہے کہ آرمی چیف اس معاملے کو دیکھیں گے۔