سوات مالم جبہ میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قافلے میں شامل 12 غیرملکی سفیروں کو خطوط ارسال کر دیئے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت اور اظہار افسوس کیا، خط میں غیر ملکی سفیروں کے محفوظ رہنے پر اظہار تشکر اور قافلہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطوط میں غیر ملکی سفیروں کو جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کرنے کا کہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفیروں کو بہت جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کر کے صوبہ کا پرامن چہرہ دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ صوبہ میں قیام امن یقینی بنانے کے ساتھ مالم جبہ واقعہ کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، غیرملکی سفیروں سمیت صوبہ کا دورہ کرنے والے عالمی مہمانوں کو پرامن صحت افزاء ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہوں۔