شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن  میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، ہلاک دہشتگرد فورسز، معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ 20 ستمبر کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔

اس سے قبل 7 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

اگست کے آخر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔