صوابی پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں رکھے بارود میں دھماکا، 17 اہلکار زخمی

صوبہ پختونخوا کے شہر صوابی کے پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں رکھے بارود میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے اسٹیشن میں موجود بیرکس منہدم ہو گئے۔

صوابی پولیس اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی پی او صوابی ہارون رشید نے بتایا کہ دھماکا مال خانے میں رکھے بارود میں ہوا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار زخمی ہو گئے۔

آرپی او مردان ریجن نجیب الرحمٰن نے کہا کہ صوابی پولیس اسٹیشن کی دوسری منزل میں واقع مال خانے میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے 17افراد زخمی ہیں اور اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت میں لگی آگ کو ریسکیو اہلکار بجھانے میں مصروف ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے بیرکس منہدم ہو گئے اور ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

دھماکے کے بعد صوابی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو فوری طور پر دھماکے کی جگہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کریں اور رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو فوری طور ریسکیو کاروائیاں شروع کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔