راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے درجنوں ارکان وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف احتجاج کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے اور جیل کے قریب دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔
راولپنڈی میں خیبر پختونخواہ کے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے درجنوں ٹیچرز وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف احتجاج کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ، جن کی قیادت عطا الرحمن کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف نعرے بازی کی، پنشن، سی پی فنڈ، ایڈہاک ٹیچرز کو مستقل کرنے کے مطالبات کی منظوری کے لیے بھی نعرے لگائے گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل چوہدری اور نعیم پنجھوتھ مظاہرین کے پاس پہنچ گئے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مطالبات کی تفصیلات حاصل کر لیں اور ان کے مطالبات سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خیبرپختونخوا سے احتجاج کے لیے راولپنڈی آنے والے ٹیچرز نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے ہم یہاں بیٹھے رہیں گے۔
مظاہرین نے کہا کہ علی امین گنڈر پور نے 2022 میں ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تھا، اب اقتدار ملا ہے تو اساتذہ کی بات نہیں سن رہے، ہم علی امین گنڈا پور کے خلاف پنجاب میں احتجاج اور مظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کا سرکردہ بیٹھا ہوا ہے، ہم اپنے مطالبات ان تک پہنچائیں گے۔