نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک نرس نے ٹپ نہ دینے پر بچہ والدین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا اور جب بچہ ملا تو وہ مردہ حالت میں تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر مین پوری کے مقامی اسپتال کی نرس جیوتی بھدوریا نے بچے کی پیدائش پر مٹھائی کے نام پر 5100 کی رقم کا تقاضا کیا۔
رقم نہ دینے پر نرس نے نومولود کو والدین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ غریب والدین 40 منٹ کی تگ و دو کے بعد کسی سے رقم ادھار لے کر نرس کو پیسے دیئے اور بچہ مانگا۔
جس پر نرس نے بتایا کہ بچہ لیبر روم کی میز پر ہے جب والدین وہاں پہنچے تو بچے کو نیم مردہ حالت میں پایا۔ نرس نے بچے کو ٹیبل پر بغیر نہلائے دھلائے اور کسی احتیاطی تدبیر کے بغیر چھوڑ دیا تھا۔
والدین بچے کو دوسرے اسپتال لے کر گئے جہاں نومولود کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ نرس کے خلاف شکایت درج کرلی گئی جب کہ محکمہ صحت نے بھی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔