سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان خطے میں کشیدہ صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں لبنان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں ریاض میں سعودی وزیر خارجہ سے فرانسیسی ہم منصب جین نویل باروٹ نے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ سنیچر کو بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی علاقے پر اسرائیلی حملوں میں شدت آئی ہے۔
ہائیر ڈیفنس کونسل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 151 زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان میں جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 11 جبکہ زخمیوں کی تعداد نو ہزار 535 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کی شامی صدر بشارلااسد سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں عباس عراقچی نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے اقدامات ہو رہے ہیں، کامیابی کی امید ہے۔