اسرائیلی فوج نے شمال میں تین علاقوں کو کلوزڈ ملٹری زون قرار دیدیا

اسرائیلی فوج نے شمالی اسرائیل میں منارا، یِفتاہ اور ملکیہ کے علاقوں کو کلوزڈ ملٹری زون قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام سے اندازہ ہوتا ہے کہ صورتِ حال انتہائی سنگین ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑی معرکہ آرائی شروع ہوسکتی ہے۔

صورتِ حال کی سنگینی کے پیشِ نظر امریکا اور اسرائیل کے وزرائے دفاع (لائیڈ آسٹن اور یوآو گیلنٹ) بدھ کو واشنگٹن میں ملاقات کرکے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر مشاور کریں گے۔

اسرائیل نے شام پر بھی حملے بڑھادیے ہیں۔ شامی فوج بھی پوری تیاری کی حالت میں پائی جاتی ہے۔ شام کا ایئر ڈیفنس سسٹم بھی پوری طرح بروئے کار لایا جارہا ہے۔

شام کے وسطی علاقے میں اسرائیل کے داغے ہوئے میزائل جھپٹ لیے گئے ہیں۔ اسرائیل کے داغے ہوئے چند میزائل پھٹے بھی ہیں جن سے حمز کے علاقے میں نقصان ہوا ہے۔

ایران کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی کے بارے میں ایک ہفتے سے کچھ بھی معلوم نہیں ہو پایا ہے۔ ان کے حوالے سے تشویش بڑھتی جارہی ہے۔

ایران کے دو سینیر سیکیورٹی حکام نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ اسماعیل قانی حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد بیروت پہنچے تھے۔ اُن کی بیروت آمد کا بنیادی مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ ایران اس مشکل گھڑی میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ ہے اور اُن کی مدد کرتا رہے گا۔