بنگلا دیش میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال،8 افراد جان

شمالی بنگلا دیش میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتِحال پیدا ہوگئی، جس کے سبب 8 افراد جان کی بازی ہا رگئے، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شدید سیلابی صورتحال کے باعث 2 لاکھ سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔

بنگلا دیشی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شیر پور کے علاقے میں دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے سے 200 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے، جبکہ سینکڑوں گھر اور فصلیں سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں۔

بنگلا دیش میں سیلابی صورتحال کے باعث ہزاروں خاندان اپنے گھروں سے محرومی کا شکار ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان امدادی مراکز میں پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

سیلابی صورتِ حال کے باعث خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور راستے بند ہونے سے دور دراز علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

دوسری جانب ایک افسوسناک واقعہ نائیجیریا میں پیش آیا، جہاں گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے پر کشتی سمندر میں ڈوب گئی، کشتی میں سوار 300 افراد میں سے 100 لاپتہ ہوگئے، جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کشتی نائیجیریا کے ضلع موقوا کے مقام پر دریائے نائیجر میں ڈوبی جس کے ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کشتی مقامی طور پر لکڑی سے تیار کی گئی تھی جس میں 100 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش تھی، مگر کشتی کی روانگی کے وقت اس میں 300 افراد سوار ہوگئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔