کینیڈا میں ویٹر کی ملازمت حاصل کرنے کیلئے بھارتیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ ویڈیو کینیڈا کے علاقے برامپٹن کی ہے جہاں نیا ریسٹورینٹ کا افتتاح ہوا ہے۔ ویڈیو ویٹر اور سرورز سمیت 5 مختلف ملازمتیں حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان طلبہ وطالبات کی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ صرف پانچ پوسٹوں کے لیے بیروزگار شہریوں کی بڑی تعداد ملازمت حاصل کرنے کی غرض سے پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملازمت کے لیے وہاں موجود لوگوں کی تعداد تین ہزار کے قریب بتائی گئی ہے جن میں اکثریت بھارتیوں کی ہے۔
3 اکتوبر کو ایک ایکس صارف کی جانب سے لکھا گیا کہ تین ہزار طلباء (جن میں زیادہ تر بھارتی) برامپٹن میں ایک نئے ریسٹورنٹ میں ویٹر کی ملازمت کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ ٹروڈو کے کینیڈا میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری؟ اچھے خوابوں کیساتھ بھارت چھوڑنے والے طلباء کو اس پر سوچنے کی ضرورت ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کینیڈا میں زیر تعلیم طلبہ کیلیے روزگار کے دستیاب مواقعوں کے حوالے سے سوشل میڈیا ہر کئی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
کچھ افراد نے مذکورہ ویڈیو دیکھ کر معاشی غیر یقینی صورتحال کے درمیان بیرون ملک جانے کے وقت کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔