غزہ میں اسرائیلی فوج کے بہیمانہ تشدد نے ایک بزرگ شہری کی جان لے لی جن کی شہادت سے کچھ دیر قبل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے رہائشی 66 سالہ زیاد ابو حلیل ایک بہادر اور دلیر فلسطینی تھے جو اسرائیلی فوج کے سامنے ڈھال بن کر پُر امن احتجاجی مظاہرین کی حفاظت کیا کرتے تھے۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بزرگ شہری زیاد ابو حلیل کے گھر پر اسرائیلی فوجیوں نے چھاپا مارا اور بدترین تشدد کیا جن سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
بزرگ شہری کی شہادت سے قبل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انھیں اسرائیلی فوجیوں کو شیلنگ اور فائرنگ سے روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ زیاد ابو حلیل کی چھاپا مار کارروائی کے دوران ہلاکت کا علم نہیں۔ اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔