غزہ: اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں اُس اسکول کو بمباری کا نشانہ بناکر تباہ کردیا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسکول پر بمباری میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ 54 زخمی ہیں جن میں زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو دیر البلاح کے الاقصی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 10 سے زائد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں 4 فلسطینیوں اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 3 فلسطینیوں کو محاصرے کے دوران شہید کر دیا۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 98 ہزار زخمی ہوگئے۔