گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کا امن، عوام کی خوشحالی اور صوبے کا مفاد ہماری ترجیحات ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرگے کےانعقاد پر صوبائی حکومت کا شکر گزار ہوں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی آمد پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات موجود ہیں مگر صوبے کا امن ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور صوبے کا مفاد ہماری ترجیحات ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، اس خطے میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی دعوت پر صوبے کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بلائے گئے جرگے میں شریک ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈ جرگے میں ایمل ولی، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ، میاں افتخار، محمد علی شاہ باچا اور سکندر شیرپاؤ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نمائندے شریک ہوئے۔
جرگے کے اعلامیے کے مطابق کے پی اسمبلی بشمول تمام سیاسی پارٹیوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو جرگے کیلئے اختیار دے دیا، جرگے نے وزیراعلیٰ کو افہام و تفہیم سے معاملہ حل کرنے کیلئے جرگہ کی ذمہ داری دی۔