صدر مملکت آصف علی زرداری کی روسی ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں شخصیات نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ترکمانستان کے دورے کے دوران بین الاقوامی فورم کے موقع پر ہوئی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق دونوں صدور نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کےدرمیان افہام و تفہیم، امن و مکالمےکے فروغ کے لیے فورم کےانعقاد پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ عالمی فورم ترکمانستان کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی مقطیمقلی فراگی کے300 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہو رہا ہے۔