اسرائیل نے غزہ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا، حماس کے حملوں میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جبالیا کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا جبالیا کیمپ کا محاصرہ جاری ہے اور  صیہونی فورسز نے ایک ہفتے میں 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ  ہزاروں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج پر وار کیے جس سے کئی اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان پر بھی شدید بمباری کی، باطیہ قصبے کے بازار کو نشانہ بنایا، لبنان میں اسرائیلی فوج نے 23 علاقوں سے شہریوں کو انخلا کا حکم دیا ہے۔

لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 78 افراد جاں بحق ہوگئے، حزب اللہ نے بھی شمالی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے اور حیفا شہر میں فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔

 اسرائیلی فوج کی جانب سے زیادہ تر راکٹ مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ ایران نے اپنی تمام پروازوں میں واکی ٹاکی اور پیجرز لے جانے پر پابندی عائد کردی۔ 

واضح رہے کہ ستمبر میں لبنان میں ہونے والے پیجر، واکی ٹاکی دھماکوں میں 39 افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔