خیبرپختونخوا اسمبلی میں پولیس ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کردیا گیا۔
صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم نے صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والا پولیس ترمیمی بل 2024 ایوان میں پیش کیا۔
بل کے مطابق پولیس میں تعیناتیاں اور تبادلے کے پی حکومت کے قوائد وضوابط 1985 کے تحت ہی ہوں گے۔ مجوزہ بل کے مطابق آئی جی پولیس اپنی مرضی سے ڈی پی اوز کی تعیناتی نہیں کرسکیں گے۔ وزیر اعلیٰ چاہیں تو تعیناتیوں اور تبادلوں کے حوالے سے اپنے اختیارات آئی جی کو تفویض کرسکتے ہیں۔
گریڈ 17 اور گریڈ 18 کے افسران کی تعیناتی اور تبادلے آئی جی کرسکیں گے۔
بل کے مطابق ایک انڈیپینڈنٹ پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے پاس پولیس افسران کو سزائیں دینےکا اختیار ہوگا۔اتھارٹی 6 ممبران پرمشتمل ہوگی۔
مجوزہ بل کے تحت گریڈ 18 سے اوپر کے پولیس افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں کا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہوگا۔
صوبائی حکومت نے پولیس ترمیمی بل 2024 پر پولیس کے تحفظات کو مسترد کردیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے پولیس افسران سے مشاورت کے بعد نیا مسودہ اسمبلی میں پیش کرنےکا کہا ہے۔