ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل، پاکستانی اسپنرز کا جادو چل گیا، 78 پر آدھی انگلش ٹیم باہر

ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا، دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے لیے پاکستان کو 4 وکٹیں اور انگلینڈ کو 209 رنز درکار ہیں۔

ملتان کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز دو وکٹ کے نقصان پر 36 رنز سے کیا لیکن ساجد خان نے ایک رن کے اضافے پر ہی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ 18 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی نے جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

نعمان علی نے 78 کے مجموعے پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا جبکہ نعمان علی نے اپنا چوتھا شکار انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ کو بنایا جو 6 رن بنا کر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل، پاکستانی اسپنرز کا جادو چل گیا، 78 پر آدھی انگلش ٹیم باہر
پاکستانی ٹیم انگلش کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو کرک انفو

تیسرے دن کھیل کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے انگلش اوپنرز کو چلتا کیا تھا، ساجد نے پہلے ہی اوور میں بین ڈکِٹ کی قیمتی وکٹ لی تھی جبکہ زیک کرالی کو نعمان علی نے پویلین بھیجا تھا۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 366 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔