26 ویں آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مؤثر ثابت ہوگی،  آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا اور جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم 2006 میں ہوئے میثاق جمہوریت کے ایک اور وژن کی تکمیل ہے، آئینی ترمیم پر حکومت میں شامل جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ طویل مشاورت ہوئی،  ترمیم میں مدد پر صدر زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کا شکرگزار ہوں جب کہ  آئینی ترمیم سے متعلق عمل میں نوازشریف کی رہنمائی بھی حاصل رہی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا، چینی، روسی وزیراعظم اور دیگر نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی، 11 سال بعد چینی وزیراعظم پاکستان اور ان کا دورہ کامیاب رہا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایس سی او ممالک کے سربراہان نے اجلاس کے اختتام پر بھرپور اعلامیہ جاری کیا، کانفرنس میں ایک بڑا چیلنج سیکورٹی کا تھا،کانفرنس میں وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و دیگر وزارتوں کا کردار مثالی رہا جب کہ پاکستان آرمی اور دیگر اداروں نے سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں ظلم و ستم جاری ہے، بے گناہ خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے اور ظلم میں کمی نہیں آرہی جب کہ  عالمی عدالت کےفیصلوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔