عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مریضوں کی آمد اور علاج کے آغاز کے سسٹم کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایئر ایمبولینس پیشنٹ وارڈ کا معائنہ کیا اور بہاولپور سے ائیر ایمبولینس پر منتقل ہونے والے مریض امجد علی کی عیادت کی۔

مریم نواز نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس عوام کا حق ہے۔ یہ کسی پر احسان نہیں۔ مریضوں اور تیمارداروں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکیورٹی اہلکاروں کو مریضوں کی آمدورفت میں مداخلت سے سختی سے روک دیا۔

پی آئی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعلی پنجاب کو ری ویمپنگ پلان اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے عوام کے لیے پریشانی کا سبب بننے والے اور بدعنوان عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم دیا۔

مریم نواز نے پی آئی سی میں انتظامی بہتری کے لیے جنگی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی پر مریضوں کا رش کم کرنے کے لیے پی آئی سی ٹو کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی دی۔ اور پی آئی سی ٹو میں انتظامی سربراہ کی فوری تعیناتی کے حکم کے علاوہ جدید اور بہترین مشینری اور کیتھ لیب مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی۔