اسلام آباد:
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں، صوبے اور بالخصوص پارہ چنار کے حالات کشیدہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)میں ترکیہ میں شہید ہونے والے شہدا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترکش ایرو سیس کے سہیل، پاکستان میں ترکیہ کے سیاسی امور کے رکن حارسین کرمال و دیگر عمادین موجود تھے۔
نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں ترکش ایرو اسپیس کی تقریب میں گورنر کے پی کے نےگلدستہ شہدا کی تصاویر کے سامنے رکھا 23 اکتوبر کو ترکیہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعا بھی کی اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نسلوں تک چلے آرہے ہیں، ہمیں ترکیہ کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔"
انہوں نے ترکیہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک بھی ان مسائل کا شکار رہا ہے اور ہماری قوم نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے پْرعزم ہیں۔ "پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے یکجا ہیں۔"
انہوں نے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہیے اور ملک کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم بھی اپنے ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "خیبرپختونخوا اور خاص طور پر پارہ چنار میں حالات تشویشناک ہیں، ہمیں ان مسائل کے حل کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔"
انہوں نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں بہتری لانے کے لئے حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے پاکستان اور ترکیہ کا اتحاد ناگزیر ہے۔ دونوں ممالک کے مابین گہری دوستی اور مشترکہ چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ایک پْرامن و خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔