لاہور: طالبہ سے مبینہ زیادتی کا غیرمصدقہ واقعہ، سوشل میڈیا مہم چلانیوالے 16 افراد گرفتار

لاہور  میں نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے غیرمصدقہ واقعے کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی عمران کشور کے مطابق پولیس نے سوشل میڈیا پرمہم چلانے والے 16 افراد گرفتار کرلیے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ فیک نیوز  پھیلانے والے 138اکاؤنٹس بلاک کروائے گئے ہیں جبکہ توڑپھوڑ اور تشدد میں 40 طلبہ ملوث تھے جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سوشل میڈیا پرجعلی مہم چلاکر انتشارپھیلانے والوں کےخلاف کارروائی جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر غیر مصدقہ خبر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طلبہ نے احتجاج کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔

بعد ازاں تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے مطابق کالج میں لڑکی سے زیادتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی مبینہ زیادتی کا کوئی عینی شاہد ملا ہے، کمیٹی نے 28 کے قریب طلبہ اور طالبات کے انٹرویو کیے جس میں طلبہ اور طالبات نے بیان میں ادھر ادھر سے سننا بتایا۔

کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ معاملے کو سوشل میڈیا پر پوسٹوں کے ذریعے اچھالا گیا۔