پولیس قیدی وینز پر حملہ، درجنوں ملزم فرار، سب کو دوبارہ گرفتار کر لیا، آئی جی کا دعویٰ

جی ٹی روڈ ٹول پلازہ کے قریب پولیس قیدی وینز پر نامعلوم افراد کا حملہ، متعدد قیدیوں کو چھڑوا کر لے گئے، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام ملزموں کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔

 

نامعلوم افراد نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کی 3 وینز پر حملہ کیا، وینز میں سوار پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہو گئے، نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینز پر فائرنگ کی اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

گاڑیوں میں اٹک جیل سے پیشی کیلئے لائے جانے والے قیدی سوار تھے، قیدیوں میں زیادہ تعداد پی ٹی آئی احتجاجی کارکنوں کی تھی، انتشار انگیزی اور دہشت گردی مقدمات میں نامزد ملزمان شامل تھے۔

ترنول کے علاقے میں پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا، پولیس نے حملے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں صوبائی وزیر خیبر پختونخوا کا بیٹا بھی شامل ہے، حملے سے متاثرہ قیدی وینز کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تمام قیدیوں کو دوبارہ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوئے تھے، تین قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جا رہا تھا، حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 20 تھی، حملہ آور اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے۔

علی ناصر رضوی نے بتایا کہ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔