ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مجھے سڑک سے گزرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں ایمان مزاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ میں نے کوئی قانون نہیں توڑا، مجھےسڑک سے گزرنے سےکوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جب چاہےجہاں چاہے رکاوٹیں کھڑی کردیتی ہے، میں ایک پروفیشنل وکیل ہوں، مجھےکورٹ پہنچنا تھا، مجھےکوئی طاقت اپنی پروفیشنل ڈیوٹی سے نہیں روک سکتی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، ٹیموں کےلیے لگایا گیا روٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر نے توڑنے کی کوشش کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایمان مزاری اور اُن کے شوہر نے پولیس اہلکاروں سے مزاحمت کی، انہیں تھپڑ مارے اور گالم گلوچ کی جبکہ پولیس کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ گیسٹ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی ہے، قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر مقدمہ درج کر رہے ہیں، کارِ سرکار میں مداخلت اور اسٹیٹ گیسٹ کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالا گیا۔