یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد : جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا، وہ 30 ویں چیف جسٹس ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

تقریب میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ان سے  عہدے کا حلف لیا۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ 30 ویں چیف جسٹس ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزراعطاتارڑ،اعظم نذیر تارڑ ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنرجی بی سیدمہدی شاہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز اور سینئر وکلا سمیت مختلف ہائے شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی تئیس جنوری انیس سو پینسٹھ میں ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہورسے حاصل کی۔

گورنمٹ کالج لاہورسے گریجویشن جبکہ پنجاب یونیورسٹی لاہورسے ایم اے معاشیات کی ڈگری حاصل کی، برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری بھی حاصل کی۔

جسٹس یحییٰ نے انیس سو نوے میں ہائیکورٹ کے وکیل کی حیثیت سے پریکٹس شروع کی اور2004 میں سپریم کورٹ کے وکیل کے طور پر وکالت کا آغاز کیا۔

خیبرپختونخوا کے لیے بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی خدمات بھی سرانجام دیں، 2010 میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج مقرر ہوئے، انہیں پندرہ مارچ 2012 کو مستقل جج مقرر کیا گیا۔

تیس دسمبردوہزارسولہ کو جسٹس یحییٰ نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، اٹھائیس جون دوہزاراٹھارہ کوسپریم کورٹ آف پاکستان کے جج مقررہوئے۔