ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے۔ اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے، اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان حصول امن کے لیے تمام ہمسایہ ممالک سے مل کر کام کرتا رہے گا، فریقین مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل سے کام لیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، کہا اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ صہیونی حملوں کا اسی قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔ اس سے پہلے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی اپنی فوج کو جنگ کی تیاری کا حکم دیا تھا۔

ایران نے اسرائیلی حملوں میں 2 فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں فوجی رات کو ہونیوالے اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہوئے، اسرائیل  نے ایران پر 100 جنگی طیاروں اور ڈرونز سے حملہ کیا تاہم اسرائیل نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹر کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا۔