مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانوں گا، اسپیکر قومی اسمبلی

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے بلکہ وہ کوئی بھی ایکشن لینے سے پہلے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔

ایاز صادق نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کو ’آئین کو دوبارہ لکھنے‘ کے مترادف قرار دیا۔

انہوں نے الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی ایکٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایوان اعلیٰ عدالت کا فیصلہ تسلیم نہیں کرے گی کیوں کہ قانون اب تبدیل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے عدالتوں کو سننا شروع کردیا تو ایسے بہت سے فیصلے ہیں لہذا ہم عدالتی حکم پر ایسا نہیں کریں گے بلکہ الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کا انتظار کریں گے کیوں اس حوالے سے الیکشن کمیشن ہی مجاز اتھارٹی ہے۔