پنجاب حکومت نے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا

پنجاب حکومت نے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسموگ کی صورتحال میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔

صوبے بھر میں موجودہ ماحولیاتی حالات میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس بارے میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہری ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جہاد میں بھرپور حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والی اسموگ سے بچاؤ میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسموگ پر قابو پانے کے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) پر عمل درآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں سیاہ دھوئیں والی گاڑیاں اور چمنیاں بند رہیں گی، فصلوں کی باقیات جلائی گئیں تو گرفتاریاں ہوں گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اسموگ کی شدت میں کمی کےلیے لاہور میں ہنگامی ٹریفک پلان جاری کیا جارہا ہے۔